ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بنگلورو: سرکاری اسکول کےٹوائلٹ کو طلبا کے ذریعے صاف کرانے پر سرپرست اور مقامی عوام سخت ناراض؛ حکومت نے سخت کاروائی کا دلایا یقین

بنگلورو: سرکاری اسکول کےٹوائلٹ کو طلبا کے ذریعے صاف کرانے پر سرپرست اور مقامی عوام سخت ناراض؛ حکومت نے سخت کاروائی کا دلایا یقین

Sat, 23 Dec 2023 18:45:15    S.O. News Service

بنگلورو:23؍دسمبر(ایس اؤ نیوز ) کولار کے مالور رہائشی اسکول میں طلبا کے ہاتھوں اسکول کا ٹوائلٹ صاف کرنے کا معاملہ سامنے آئے چار دن بھی نہیں ہوئے تھے کہ اب ریاست کی راجدھانی بنگلورو کے یشونت پورعلاقہ کے آندرہلی سرکاری اسکول میں بھی طلبا کے ذریعے ٹوائلٹ کو صاف کئےجانے کاایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔جس کو لے کر بچوں کے والدین اور سرپرستوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

یشونت پور کے آندر ہلی اسکول میں بچوں کی طرف سے ٹوائلٹ کی صفائی کرنے کی وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی مقامی عوام نے سخت احتجاج کیا۔ معاملے کو لے کر ایک سرپرست کاکہنا ہےکہ ’ہم اپنے بچو ں کو اسکول اس لئے بھیجتے ہیں کہ وہ پڑھنا لکھنا سیکھیں۔ لیکن اسکول کا عملہ ہمارے بچوں کے ذریعے ٹوائلٹ صاف کرارہے ہیں، سرپرستوں نے سوال کیا کہ اگر ہمارے بچوں کو لکھنا پڑھنا سکھانے کے بجائے ٹوائلٹ کی صفائی کا کام کرایا جاتا ہے تو پھرہم اپنے بچوں کو کیوں اسکول بھیجیں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت  خاطی عملے کے  خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے۔

ریاستی وزیر داخلہ پرمیشور نے معاملے کی وضاحت کرتےہوئے کہاکہ طلبا کے ذریعے ٹوائلٹ کی صفائی کرانا صحیح نہیں ہے، ہم دوبارہ ایسے واقعات ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جانچ کے بعد خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کس کے ذریعے یہ گھٹیا کام کیا گیا ہے ہم اس کی جانچ کرکے کارروائی کریں گے۔ معاملے کو لے کرریاستی وزیر تعلیم مدھو بنگارپا نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں قانونی نظام بھی ہے اور حکومت بھی ہے،لیکن اس کے باوجود بچوں سے ایسا کام کرانے کی ہم مذمت کرتے ہیں اور سرپرستوں کو یقین دلاتے ہیں کہ معاملے سے منسلک اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بھی اس واقعےپر سخت ردعمل کا اظہار کرتےہوئے یقین دلایا کہ ہم آئندہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

صدر مدرسہ معطل: اسکولی بچوں کے ذریعے ٹوائلٹ صاف کئے جانے کی خبر میڈیا میں نشر ہوتےہی بنگلوروشمال کے بی ای اؤ کے جی آنجنپا نے متعلقہ اسکول کا دورہ کیا اورمعائنہ کے بعد اسکول کی صدرمدرسہ لکشمی دیومّا کو معطل کئے جانے کا حکم جاری کیا۔


Share: